اندھیر نگری چوپٹ راج ، وزیر تعمیرات کی دوستوں پر نوازشات، میرٹ نظر انداز وزیر تعمیرات کی اپنے دوست پر نوازشات

حویلی(نمائندہ خصوصی) عام انتخابات کے آغاز سے قبل ہی ضلع حویلی کہوٹہ میں دوستوں کو نوازنے کیلئے میرٹ کی دھجیاں اڑائی جانے لگیں۔ذرائع کے مطابق وزیر تعمیرات کے قریبی دوست عبد الحمید بخاری جونیئر ایگروٹیک سے جونیر جنرل لائن میں ٹرانسفر ہوئے ، خالی نشست پر میرٹ پر دو مدرسین موجود تھے، لیکن انہیں نظر انداز کرتے ہوئے وزیر موصوف کی ہدایت پر آسامی زنانہ شعبہ میں منتقل کردی گئی، ذرائع کے مطابق آسامی کی منتقلی کا مقصد وزیر موصوف کے ایک اور قریبی دوست کو فائدہ پہنچانا ہے ۔ وزیر تعمیرات اس آسامی پرمبینہ طور پرا پنے دوست کی بیٹی کی تقرری کروانا چاہتے ہیں۔ وزیر موصوف کی اس مداخلت کے باعث نہ صرف مردانہ شعبہ کا نقصان ہورہا ہے ۔ بلکہ دوست کو نوازنے کیلئے جونئیر ٹیکنیکل آسامی سے جونئیر جنرل لائن ایڈجسٹمنٹ سےحالیہ این ٹی ایس پاس ویٹنگ میرٹ میں موجود امیدواران کی حق تلفی بھی ہوئی۔واضح رہے کہ وزیر موصوف کے یہ دوست قبل ازیں بھی مختلف معاملات میں مفادات حاصل کرچکے ہیں ، ان دونوں افراد کیلئے کئی بار میرٹ کا قتل عام کیا گیا۔ مقامی افراد نے چیف جسٹس آزاد کشمیر اور وزیر اعظم آزاد کشمیر سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ، ساتھ ہی عجب کرپشن کی اس غضب کہانی کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں