علی شان سونی کی شمولیت‘تحریک انصاف کے 2بڑوں میں ٹھن گئی

اسلام آباد(قیصرایوب سے)پی ٹی آئی گروپنگ ایک بار پھر الیکٹیبلز کو پارٹی میں شمولیت پر دو بڑوں میں ٹھن گئی،مبینہ طور پرمعاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب سردار تنویر الیاس کی جانب سےچوہدری علی شان سونی کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی گئی اور با ضابطہ شمولیت کی راہ ہموار کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مبینہ طور پرپھر الیکٹیبلز کو شامل کرنے سے معذرت کر لی ہے جس پر اندرون خانہ ایک نئی بحث چھڑ گئی اور دونوں گروپ پھر آمنے سامنے ہیں۔ذرائع کے مطابق تنویر الیاس اپنی سیاسی پوزیشن مضبوط بنانے کیلئے بڑے سیاسی ناموں کو پی ٹی آئی میں شامل کر نے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ مضبوط گروپ بنا سکیں مگر بیرسٹر سلطان محمود اپنے گروپ کے ساتھ ہی کھیلنا چاہتے ہیں اور مزیدکسی بھی بڑی شخصیت کو شامل نہیں کرنا چاہتے۔ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں تنویر الیاس کی علی شان سونی سے تفصیلی ملاقات بھی ہوئی اور شمولیت پر گفتگو ہوئی تاہم مبینہ اطلاعات ہیں کہ بیرسٹر سلطان نے مرکزی قیادت کو واضح کر دیا ہے کہ اب کسی بھی نئے شخص کو شامل نہیں کرنا۔واضح رہے کہ الیکٹیبلز کو شامل نہ کرنے کی پالیسی بیرسٹر سلطان کی تھی وہ تاحال اس میں کامیاب ہیں جبکہ تنویر الیاس نے سیاست میں انٹری کے ساتھ ہی الیکٹیبلز کو ساتھ ملانے کا دعوی کیا تھا جس میں وہ تاحال کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں