ڈاکٹر لال خان کی پہلی برسی راولاکوٹ میں 23فروری کو تقریب منعقد کی جائیگی

راولاکوٹ(نمائندہ ورلڈ ویوز اردو)عظیم انقلابی دانشور، مصنف اور انقلابی رہنما ڈاکٹر لال خان (یثرب تنویر گوندل) کی پہلی برسی کے موقع پر راولاکوٹ میں 23فروری کو تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے، اس تقریب کی مہمان خصوصی ڈاکٹر لال خان کی اہلیہ صدف تنویر گوندل ہونگی، تقریب کی صدارت جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی صدر ابرار لطیف کرینگے۔ دیگر مہمانان خصوصی میں چیئرمین جموں کشمیر لبریشن فرنٹ سردار محمد صغیر خان ایڈووکیٹ، ایڈیٹر پندرہ روزہ طبقاتی جدوجہد رنگ الہی، صدر ڈسٹرکٹ بار راولاکوٹ راجہ اعجاز احمد ایڈووکیٹ، سابق مرکزی صدر این ایس ایف راشد شیخ، سیکرٹری جنرل پیپلز یوتھ آرگنائزیشن ببرک خان، جنرل سیکرٹری پیپلزپارٹی ضلع سدھنوتی شمشیر خان، صدر پیپلزپارٹی شعبہ خواتین ضلع پونچھ نوشین کنول ایڈووکیٹ، ممبر سنٹرل کمیٹی این ایس ایف بشری عزیز ایڈووکیٹ اس تقریب سے خطاب کرینگے، اس کے علاوہ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن اور دیگر ترقی پسند تنظیموں کے نوجوان رہنما بھی اس تقریب سے خطاب کرینگے۔ 23فروری بروز منگل صبح گیارہ بجے منعقد ہونے والی برسی کی اس تقریب کی تیاریاں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ضلع پونچھ بھر سے جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کیمپین کے کارکنان اور رہنما اس تقریب میں شرکت کریں گے۔ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن اور پی ٹی یو ڈی سی کے مشترکہ اجلاس میں برسی کے سلسلہ میں تقریب کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے جموں کشمیر این ایس ایف کے چیف آرگنائزرتیمور سلیم، پی ٹی یو ڈی سی کے رہنما ذیشان خان اور دیگر مقررین نے کہا کہ ڈاکٹر لال خان ایک عظیم انقلابی رہنما، دانشور اور مصنف تھے جنہوں نے نہ صرف پاکستان اور کشمیر میں بلکہ دنیا بھر میں محنت کشوں اور نوجوانوں کو انقلابی نظریات سے روشناس کروایا، خود عملی طور پر نوجوانوں کو انقلابی جدوجہد میں نہ صرف لایا بلکہ ہر لمحہ نوجوانوں کی تربیت کا عمل جاری رکھا۔ ڈاکٹر لال خان کی لازوال جدوجہد، انکی تحریریں، انکی تقریریں اور انکے تربیتی لیکچرز اس خطے کے محنت کشوں اور نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہیں کہ جن سے رہنمائی لیکر اس جدوجہد کو جاری و ساری رکھا جائے گا۔ سرمایہ دارانہ استحصال کے خاتمے اور سوشلسٹ انقلاب کی فتح تک یہ سفر جاری رہے گا اور ڈاکٹر لال خان انقلابیوں کی ہر مقام پر رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیتے رہیں گے۔واضح رہے کہ ڈاکٹر لال خان کی برسی کے موقع پر ملک گیر تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ 21فروری کو کراچی میں آرٹس کونسل آڈیٹوریم میں تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے، ملتان، کوٹ ادو، بھون میں بھی اکیس فروری کو تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں۔ آج انیس فروری کو آن لائن ویبینار منعقد کیا جا رہا ہے جس میں دنیا کے مختلف ممالک سے انقلابی قائدین خطاب کریں گے۔ اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب میں برسی کے سلسلہ میں تقریب اٹھائیس فروری کو منعقد کی جارہی ہے۔ باغ میں چھ مارچ کو منعقد کی جا رہی ہے، اس کے علاوہ پلندری اور مظفرآباد میں بھی تقاریب کا انعقاد کیا جائیگا۔ کوئٹہ، حیدرآباد، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ سمیت دیگر شہروں میں بھی برسی کے سلسلہ میں تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا

اپنا تبصرہ بھیجیں