عوامی خدمت کا جذبہ سیاست میں لیکر آیا، مثبت سوچ کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے؛ آصف حنیف کیلوی۔

اسلام آباد(ورلڈ ویوز اردو) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے نوجوان سیاسی رہنما حلقہ 2 سے تعلق رکھنے والے آصف حنیف کیلوی ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ دوسروں کے کندھوں پر بندوق رکھ کر اپنے مفادات حاصل نہیں کرسکتا، نکیال کی سیاست میں تبدیلی کی ضرورت تھی، عوامی خدمت کے لیے بغاوت کی، عمران خان کا وژن تحریک انصاف میں لے کر آیا۔ان خیالات کا اظہار آصف حنیف کیلوی نے “ورلڈ ویوز اردو ” کو خصوصی انٹرویو دیتے ہو کیا۔آصف حنیف کیلوی کا کہنا تھا کہ ہمارے خاندان نے کریلوی خاندان کے ظلم و بربریت کے خلاف جاوید اقبال بڈھانوی کا ساتھ دیا لیکن جب جاوید بڈھانوی اسمبلی میں پہنچے تو انہوں نے بھی وہی راستہ چنا جو کریلوی خاندان کا تھا، سوائے چند لوگوں کو نوازنے کے انہوں نے نکیال میں کوئی کام نہیں، اور ستر سال گزرنے کے بعد بھی نکیال کے بنیادی مسائل حل نہ ہوسکے۔
انہوں نے کہا نکیال کی عوام کے ساتھ ناانصافی اور نکیال کے بنیادی مسائل مجھے سیاست میں لیکر آئے ،خالصتاً عوامی خدمت کے جذبے سے آیا ہوں اور میرا مشن عوامی خدمت ہی رہے گا، اختلاف جمہوریت کا حسن ہیں، مجھے باغی کا لقب بھی ملا لیکن بغاوت عوام کے لیے کی ہے۔
انہوں نے کہا اگر پارٹی نے فیصلہ کیا کہ مجھے الیکشن لڑنا چاہیے تو الیکشن جیت کر عوامی خدمت کی کوشش کرونگا، میری ترجیحات میں تعلیمی اصلاحات اول ہیں اسکے بعد نکیال کے دیگر مسائل پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا لوگوں نے بھرپور رسپانس دیا ہے ،لوگوں کے پیار اور اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا، وقت بدل چکا ہے اب نوجوانوں کو آگے آنے کی ضرورت ہے، اگر آزاد کشمیر کے حالات میں بدلاؤ لانا ہے تو نوجوانوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، الزامات اور تنقید پر یقین نہیں رکھتا، مثبت سیاست کرنا چاہتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں