کوٹلی آزاد کشمیر : ایس ایس پی کوٹلی کی زیر صدارت یوم الحاق پاکستان کا خصوصی اجلاس۔

مقبوضہ جموں وکشمیر کی نمائندگی پیر پنجال پیس فاؤنڈیشن کے کنونیئر محمود اختر قریشی نے کی۔

کوٹلی (ورلڈ ویوز اردو) یوم الحاق پاکستان کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس کوٹلی کے کانفرنس ہال میں ایس ایس پی کوٹلی راجہ اکمل خان کی زیر صدارت اجلاس ۔اجلاس میں سیاسی،سماجی،تحریکی وکلا،ملازمین اور سول سوسائیٹی کی تنظیموں کےنمائندگان نے شرکت کی ۔
محمود اختر قریشی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کنوینر جموں کشمیر پیر پنجال پیس فاؤنڈیشن نے اجلاس میں بطور خاص شرکت کی۔ اجلاس میں مقررین نے یوم الحاق پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور قرارداد الحاق پاکستان میں اہلیان جموں وکشمیر کے سیاسی مستقبل کی سمت کے واضح تعین کو سراہا گیا۔ شرکاء میں راجہ طارق محمود SDM کوٹلی، سردار عقیل احمد خان، سردار گلفراز خان، گورمنٹ ایمپلائز یونین کے چیئرمین راجہ خالد محمود، ملک یعقوب خان صدر انجمن تاجران، رضوان قریشی ڈسٹرکٹ پریس کلب کوٹلی، کمانڈر جاوید منہاس، سول سوسائٹی تنظیموں کے سربراہان مبارک بسمل، کرامت حیدری و دیگر شامل تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمود قریشی نے کہاکہ 19 جولائی 1947 کی قرارداد نے اہلیان جموں وکشمیر کے سیاسی مستقبل کی سمت کا واضح تعین کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اہلیان جموں وکشمیر کا صرف ایک ہی آپشن الحاق پاکستان ہے اس کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں۔ انہوں مزید کہا کہ اب مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے اور وہ دن دور نہیں جب پوری ریاست مملکت خداداد کا حصہ بن کر تکمیل پاکستان ہو گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا یہ دن تجدید عہد کا دن ہے کہ کشمیر کی آزادی اور تکمیل پاکستان کے لیے کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔
صدارتی خطاب میں سینئر سپرٹینڈنٹ پولیس نے یوم الحاق پاکستان پر روشنی ڈالنے کے ساتھ ساتھ شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں شہداء کے درجات کی بلندی اور بھارتی تسلط سے ریاست کی آزادی کی دعا کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ 

اپنا تبصرہ بھیجیں