کورونا وائرس کی نئی وبا COVID-19 سے اب تک 40 سے زائد ممالک میں 80 ہزار سے افراد متاثر ‘چین میں 2،715 اور ایران میں 19 افراد ہلاک

کورونا وائرس کی نئی وبا COVID-19 نےدنیا بھر کو تشویشناک صورتحال میں مبتلا کر رکھا ہے، دنیا بھر کے 40 سے زائد ممالک میں اب تک 80 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں ۔
چین میں اب تک 78,064 افراد کورونا وائرس کی نئی قسم میں مبتلا ہو چکے ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2,715 ہو چکی ہے۔ زیادہ تر کیس چینی صوبے ہوبائی میں سامنے آئے ہیں۔جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تیزی سے بڑھتی ہوئی اب 1,261 تک پہنچ چکی ہے جب کہ اس کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11 ہے اور ملک میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
جاپان میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد 870 اور پانچ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اٹلی میں متاثرین کی تعداد 323 ہو چکی ہے جب کہ 11 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
ایران میں۔ متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد 139 ہو چکی ہےاور اب تک 19 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
ہانگ کانگ، سنگاپور، تھائی لینڈ اور تائیوان میں کورونا وائرس کی نئی قسم سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد 244 ہے۔ ہانگ کانگ میں اب تک 81 مریضوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے اور دو مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔ تھائی لینڈ میں 40 جب کہ تائیوان میں 32 مریض ہیں۔ تائیوان میں ایک مریض ہلاک بھی ہو چکا ہے۔
امریکا میں کورونا وائرس کے 57 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ علاوہ ازیں چین میں ایک امریکی شہری اس وائرس کے باعث ہلاک ہوا ہے۔ کینیڈا میں بھی 11 مریض اس وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔
اب تک آسٹریلیا میں 23، ملائیشیا میں 22 اور ویت نام میں 16 افراد کورونا وائرس کی نئی قسم سے متاثر ہوئے ہیں۔ فلپائن میں مریضوں کی تعداد 3 ہے جب کہ ایک شخص ہلاک ہو چکا ہے۔
یورپی ممالک میں سے اب تک فرانس میں دو افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 17 ہے۔ جرمنی میں مریضوں کی تعداد 17 اور برطانیہ میں 13 ہو گئی ہے۔ اسپین میں بھی کورونا وائرس کے 10 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں 13، کویت میں 18، عراق میں پانچ جب کہ بھارت میں 3 اور روس میں 2 مریضوں میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی تصدیق ہو چکی ہے۔
جن ممالک کے کم از کم ایک شہری میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہو چکی ہے ان میں اسرائیل، لبنان، بیلجیم، نیپال، سری لنکا، سویڈن، کمبوڈیا، فن لینڈ، مصر، الجزائر، افغانستان، سوئٹزرلینڈ، عمان اور کروشیا شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں